کراچی: (دنیا نیوز) 29 اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا معاملہ، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو جعلی اکاؤنٹس سے اہم شخصیات کو رقم منتقلی کے ثبوت مل گئے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق منتقل ہونے والی رقم سے اہم شخصیت نے تین کروڑ روپے کا چیک لکھا تھا، یہ رقم ایک اہم سیاسی شخصیت کے اکاؤنٹ منتقل ہوئی۔ ایف آئی اے کی جانب سے جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارہ 6 اگست کو ثبوت عدالت میں پیش کرے گا جبکہ سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بھی 4 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پینتیس ارب کی منی لانڈرنگ کا معاملہ، زرداری اور فریال تالپور دوبارہ طلب
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ انور مجید، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود، محمد عارف خان، عدیل شاہ راشدی، ناصر عبداللہ حسین لوتھا، محمد اشرف، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، قاسم علی، شہزاد علی اور اعظم وزیر خان کو مفرور قرار دیا ہے۔ حسین لوائی اور طحٰہ رضا کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔