لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پہلے سے ہی جیل میں قید ہیں، تینوں کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا انتقامی کاروائی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ملک کے 3 بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کو اڈیالہ جیل ڈال دیا گیا ہے، ملکی آئین توڑنے والے پرویز مشرف کو اسکے گھر میں سب جیل قرار دے کر رکھا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے، نواز شریف کے گھر کو سب جیل قرار دے کر نواز شریف اور مریم نواز کو سب جیل منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، میاں نواز شریف اور مریم نواز کو فریق بنایا گیا ہے۔