لاہور: (دنیا نیوز) قبرستانوں کی اراضی پر قبضے کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے واگزار جگہ کی چاردیواری نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کر دیا۔ عدالت نے چیف سیکریٹری اور میئر لاہور کو طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نےعدالت کو آگاہ کیا کہ رائیونڈ میں 120 قبرستانوں کی 80 کنال سے زائد اراضی واگزار کرالی گئی لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث چار دیواری نہ ہوسکی۔
جسٹس علی اکبر قریشی نے واگزار اراضی کی چار دیواری نہ کرنے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے سیکرٹری ہیں کہ آپ کو کچھ علم نہیں، قبرستانوں کی حفاظت حکومت نہیں کرے گی تو کون کرے گا۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور چیف کارپوریشن کو چیف سیکرٹری کی پیشی تک عدالت سے باہر جانے سے روک دیا تاہم سرکاری وکیل کی استدعا پر انہیں جانے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے قبرستان کی اراضی پر قبضہ اور اس کی چار دیواری کے معاملے پر کارروائی 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بجٹ کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔