اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے پاکستان قائداعظم کے وژن سے ہٹ گیا ہے، معاشرے میں نا انصافی، بری حکمرانی اور نظام کی خرابیوں کو تبدیل کرنا ہو گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے نئے عدالتی سال کی فل کورٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گذشتہ سال سپریم کورٹ کا سب سے اہم کام حکومت کی دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر توجہ دلانا تھا، عوام کے پر جوش ردعمل پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا پچھلے سال کیسوں کو نمٹانے کی رفتار گذشتہ پانچ برسوں میں سب سے زیادہ تھی، تقریباً 37 ہزار مقدمات زیر التوا تھے جن میں سے 29 ہزار کے فیصلے کر دیئے گئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا نئے عدالتی سال میں ہمیں اہداف بلند رکھنے ہیں، گذشتہ سال کئی قومی اور انسانی نوعیت کے مقدمات سنے گئے۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرتی ہے۔ تقریب سے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور اٹارنی جنرل نے بھی خطاب کیا۔