بالی: (دنیا نیوز) قرض کی حصولی کے لئے پاکستانی وفد آج 'بالی' میں آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کرے گا۔
تیزی سے گرتے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کی خاطر حکومت نے آئی ایم ایف کا در کھٹ کھٹانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، پاکستانی وفد آج آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف چیف کے مطابق پاکستان نے ابھی تک نئے قرضوں کی حصولی کے لئے باقائدہ درخواست نہیں دی، مگر آج ہونے والی ملاقات میں پاکستانی وفد ممکنہ طور پر درخواست دے سکتا ہے۔
آئی ایم ایف قرض دینے سے قبل پاکستان پر مختلف شرائط عائد کرسکتا ہے، جس میں خسارے میں ڈوبے سرکاری اداروں کی نجکاری، جاری کھاتوں کا خسارہ کم کرنا، درآمدات میں کمی، شرح سود میں اضافہ اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ شامل ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ آئی ایم ایف سے 2013 میں 6 ارب 60 کروڑ ڈالر قرض لیا تھا۔