فیصل آباد: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جعلی مصالحہ جات بنانیوالے پروڈکشن یونٹ سیل

Last Updated On 18 October,2018 12:51 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں فوڈ اتھارٹی نے کاروائی کرتے ہوئے جعلی مرچیں، مصالحہ جات بنانے والے 3 پروڈکشن یونٹ سیل کر دیئے، 10 ہزار کلو ملاوٹی سرخ مرچیں اور ہلدی برآمد کر کے تلف کر دی گئی جبکہ موقع سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

فیصل آباد میں فوڈ اتھارٹی نے عام اور بنیادی استعمال کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں پر چھاپہ مار کاروائی کی۔ چینویٹ بازار، غلہ منڈی، جناح ٹاون کے علاقوں میں کاروائی کے دوران فوڈ اتھارٹی نے جعلی مرچیں اور مصالحہ جات تیار کرنے والے 3 یونٹ کو سیل کر دیا۔

فوڈ اتھارٹی حکام نے چھاپے کے دوران مرچوں اور مصالحی جات کی لیبارٹری بھی کی، مرچوں اور مصالحہ جات کی تیاری میں ٹیکسٹائل کلرز، چوکر سمیت لکڑی کے برادے کا استعمال کیا جا رہا تھا جبکہ ہلدی کی تیاری میں ٹیکسٹائل کلرز ملائے جا رہے تھے۔

فوڈ اتھارٹی حکام نے 10 ہزار کلو ملاوٹی مرچیں اور ہلدی کو برآمد کر کے تلف کر دیا۔ حکام کے مطابق چھاپے کے دوران یونٹس میں کام کرنے والے تین ملازمین کو حراست میں لیکر پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے۔