لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف کیخلاف گھر پر قبضے کی درخواست نیب کو موصول ہوئی ہے، متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ درخواست جمع کروائے ہوئے 3 ہفتے گزر گئے، تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
نیب کو شہبازشریف کے داماد علی عمران کے خلاف جمع کروائی گئی درخواست میں متاثرہ شہری نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ علی عمران کا ملازم تھا، انہوں نے سال 2013 سے اس کے گھر پرقبضہ کر رکھا ہے۔ درخواست کے مطابق علی عمران نے مقامی ایس ایچ او اور سی آئی اے سے دھمکی آمیز فون کروائے کہ ایک جھوٹے کیس میں سے اس کا نام نکال دیا گیا ہے اور جرمانے کے طور پر 19 لاکھ سے زائد رقم ادا کرے۔رقم نہ دینے پر علی عمران نے 7مرلے کے گھر سے بے دخل کرکے رجسٹری اور بیع نامہ زبردستی اپنے نام کرالیا اورگھر پر قبضہ کر لیا۔
شہری کا مزید کہنا ہے کہ اس نے 3ہفتے قبل درخواست نیب کو جمع کروائی تھی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔