اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی اراضی پر قبضے کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، سی ڈی اے نے 100 کنال اراضی واگزار کرا لی۔
انتظامیہ نے قائد اعظم یونیور سٹی کی ایک سو کنال اراضی قابضین سے واہگزار کر کے یونیورسٹی کے حوالے کر دی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 25 کنال اراضی پر سابق چیئرمین سینیٹ نئیر حسین بخاری قابض تھے۔ نئیر بخاری نے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر اسے انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سعد بن اسد کی نگرانی میں کیے گئے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انفورسمنٹ سیل کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات تھی۔ آپریشن کے دوران 9 مکانات، زیر تعمیر 15 گھر جبکہ مویشیوں کے باڑے مسمار کر دیئے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ نیئربخاری نے یونیورسٹی کی 25 کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا جبکہ نئیر حسین بخاری نے الزام مسترد کر دیا۔
علاقہ مجسٹریٹ نے 100 کنال اراضی قائد اعظم یونیورسٹی کے حوالے کر دی جسکے بعد یونیورسٹی نے رقبے پر اپنے گارڈز تعینات کر دئیے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن 9 جنوری تک جاری رہے گا۔