قرضہ واپسی کیلئے دوست ممالک سے مدد کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، ڈاکٹر اشفاق

Last Updated On 08 January,2019 11:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رکن اکنامک ایڈوائزری کونسل ڈاکٹر اشفاق حسن نے جب قرضے لیے جاتے ہیں تو واپس بھی کرنے ہوتے ہیں، جب پیسے نہیں ہوں گے تو دوستوں سے مدد کے علاوہ آپشن نہیں ہے۔

ڈاکٹر اشفاق حسن نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران جذباتی باتیں ہی کی جاتی ہیں، الیکشن سے پہلے وزیراعظم کو معیشت کی درست تصویر نہیں دکھائی گئی، گزشتہ حکومتوں کے قرضوں کی ادائیگی کا وقت موجودہ حکومت پر آ گیا ہے۔

رکن اکنامک ایڈوائزری کونسل ڈاکٹر اشفاق حسن کا دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ ہر پارٹی میں اچھے معاشی ماہرین ہونے چاہیں کیونکہ وہی معیشت کی درست تصویر پیش کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خام مال درآمد کرتے ہیں روپے کی قدر گرنے سے مسابقت کا فائدہ نہیں ملا۔ قرضہ بہت بڑھ گیا لیکن برآمدات میں پھر بھی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔ وزیراعظم کو بتا دیا تھا شرح سود بڑھانے سے بجٹ خسارہ آدھا فیصد بڑھے گا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں روپے کی قدر گرانے سے برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکتا، معاشی بہتری کیلئے ہمیں اپنی برآمدات اور ترسیلات زر کو بڑھانا ہوگا، ترسیلات زر بہتر ہونے سے صورتحال بہتر ہو جائے گی۔