اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سکول فیسوں سے متعلق فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے نجی سکولز کو فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم دے دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 5 ہزار سے زائد فیس میں 20 فیصد کمی ہوگی، اطلاق ملک بھر کے پرائیویٹ سکولوں پر ہوگا، 5 ہزار روپے سے کم فیس 20 فیصد کمی سے مستثنیٰ ہے، طلبا اور والدین سکولوں کو کم فیس جمع کرائیں، کم فیس جمع نہ کرانیوالے والدین کے خلاف کارروائی ہوگی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ والدین سکول کی فیس مقررہ وقت تک ادا کریں، فیصلے سے سکالر شپس اور سکول سہولتوں پر فرق نہیں پڑے گا، سکول انتظامیہ اساتذہ کی تنخواہوں میں کوئی کمی نہیں کرے گی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ایف ائی اے تمام سکولوں کے قبضے میں لئے گئے ریکارڈ کاپی کر کے واپس کرے، لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے تعلیمی اصلاحات پر رپورٹ ویب سائٹ پر شائع کر دی، لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی رپورٹ پر متعلقہ افراد کی تجاویز آرہی ہیں، نجی سکولوں نے عدالتی حکم کے بارے میں والدین کو تضحیک آمیز خطوط لکھے، جن سکولوں نے تضحیک آمیز خطوط لکھے ان کو نوٹس جاری کرتے ہیں، وہ سکول وضاحت کریں کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے ؟۔