'مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے' اب بھارت میں بھی گایا جانے لگا

Last Updated On 28 January,2019 04:04 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) علم کی اہمیت اور تعلیم کے فروغ سے متعلق پاکستانی بچوں کی لگن کا پیغام لئے آئی ایس پی آر کا جاری کردہ نغمہ 'مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے' اب بھارت میں بھی گایا اور پسند کیا جانے لگا ہے۔

انسانیت، سچائی اور حقیقت کے فروغ کی کوئی حد یا سرحد نہیں ہوتی، مذاکرات سے بھاگنے والے بھارت میں پاکستانی بچوں کا پیغام مقبول ہونے لگا۔ اے پی ایس کے ہولناک واقعے کی پہلی برسی کے بعد آئی ایس پی آر کا نغمہ  مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے  زبان زدعام ہوا اور ملک کے بچے بچے کی زبان پریہی گیت تھا۔

تعلیم کی اہمیت اور دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کر نے والا ننھے اذان علی کا گایا ہوا نغمہ سرحدپار بھارت میں اثر انداز ہوا، بھارت میں حالیہ یوم جمہوریہ پر سکول کی بچیوں نے پاکستان اور پاکستان کے بچوں کی آواز میں آواز ملائی اور حقیقی علم اور پیغام سے بھرا گانا   مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے  پر پرفارمنس دی۔

تعلیم کے حصول کی لگن اور علم کا پیغام دینے والے نغمے کا بھارت میں گایا جانا ثابت کرتا ہے خطےمیں امن کی خواہش کا پیغام پاکستان کے بعد بھارت میں عام ہونے لگا ہے۔