اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کی درخواستوں پر اہم پیش رفت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات ختم کر کے باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی درخواست عدالت لے کر کیوں آتے ہیں ؟ درخواست کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے ، عدالت میں متعدد کیسز زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ وقت پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کا ہے، پارلیمنٹ کو اس معاملے پر کمیٹی بنا دینی چاہیئے، سیاسی معاملات کو سیاسی فورم پر حل کیا جانا چاہیئے، جو لوگ جیل میں ہیں ان کو ترجیح کی بنیاد پر سننا ہے، آپ کو مطمئن کرنا ہوگا کیس پبلک انٹرسٹ کا بنتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل میں کہا دستاویزات موجود ہیں کہ آصف زرداری نے اثاثے چھپائے ہیں، سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن متعلقہ فورم نہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے فیصلے پر عدالت کا شکریہ ادا کیا۔ دوسرے درخوستگزار خرم شیرزمان نے ایک بیان میں کہا آج تاریخ رقم ہونے کا آغاز ہو رہا ہے، آصف زرداری کیخلاف کیس میں عدالت کے اعتراضات دور ہوگئے، انہوں نے الیکشن کمیشن میں تفصیل ظاہر نہ کر کے قوم کو دھوکا دیا، سیاست سے جھوٹ، فریب اور دھوکا دہی کا خاتمہ کرینگے۔