کرائسٹ چرچ حملے میں مزید تین پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

Last Updated On 17 March,2019 12:13 pm

کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ حملے میں مزید تین پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی، تینوں افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔ واقعے میں شہدا کی تعداد نو ہو گئی جن میں سے پانچ کراچی کے رہائشی تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی شہدا کی تدفین اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

کرائسٹ چرچ کی مساجد میں دہشت گردی واقعے میں مزید تین پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جن پاکستانیوں کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں ذیشان رضا، والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی شامل ہیں، جاں بحق ہونیوالے افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

مزید تین پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کے بعد شہدا کی تعداد نو ہو گئی، اس سے پہلے کراچی سے تعلق رکھنے والے چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ اریب، سوفٹ انجنیئر جہانداد خان، ایبٹ آباد کے نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہ کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی شہدا کی تدفین اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

نیوزی لینڈ حکام نے دہشت گردی واقعے میں پچاس افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے، لاپتہ 74 افراد کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔