'وزیراعظم ڈیل پر قائل ہیں نہ ڈھیل پرآمادہ، نیب میں مداخلت نہیں کرتے'

Last Updated On 31 March,2019 01:59 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم ڈیل پر قائل ہیں نہ ڈھیل پر آمادہ، حکومت نیب کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہی۔ وزیر خارجہ نے بھارت میں ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکرٹری خارجہ بنانے کا اعلان کر دیا۔

شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ قبل (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی آپس میں دست و گریباں تھے آج اکٹھے ہو گئے ہیں لیکن عوام اب مک مکا کی سیاست کے خلاف ہو چکے ہیں، جنوبی پنجاب محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا اور گرے سے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملکی مفاد کے لیے تمام قوتوں کو اکٹھے ہونا ہوگا، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو قومی سلامتی کے اہم ایشوز پر ایک ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سہیل محمود خان سینئر سفارتکار اور اس وقت دلی میں پاکستانی ہائی کمشنرہیں، سہیل محمود کی بطور سیکرٹری خارجہ تعیناتی کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا گیا، امید ہے وہ احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم پروگرام کا نام بدلنے کی تجویز ہے، ذاتی طور پر نام بدلنے کے حق میں نہیں ہوں۔