ادویات کی قیمتوں میں اضافہ، حکومت کا سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

Last Updated On 07 April,2019 08:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر قومی صحت عامر کیانی نے کہا ہے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا مسئلہ آئندہ چند روز میں حل ہو جائے گا۔ قیمتیں بڑھانے والی میڈیسن کمپنیوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر قومی صحت نے ادویات کی قیمتوں میں من مانا اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ جلد حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عامر کیانی نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث ادویہ کی قیمتوں میں نو سے پندرہ فیصد تک اضافہ کیا گیا۔ زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

عامر محمود کیانی نے بتایا کہ رواں سال ساڑھے پانچ کروڑ افراد کو ہیلتھ انشورنس ملے گی جبکہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کیلئے ایک الگ ادارہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیر قومی صحت عامر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اٹھارہویں ترمیم سے کوئی مسئلہ نہیں، مگر صوبوں کو تعلیم اور صحت کے حوالے سے اپنے حصے کا کام کرنا چاہیے۔