اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے پلوامہ حملے سے متعلق قابل عمل معلومات مانگ لی ہیں۔ نئے سوالات بھارتی ہائی کمشن کے حوالے کیے ہیں۔ بھارت نے جارحیت کی تو پہلے جیسا جواب ملے گا۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بھارت کیساتھ مذاکرات چاہتا ہے، مگر اسے پاکستان کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کی انٹیلی جنس اطلاع موجود تھی جس پر وزیر خارجہ نے بیان دیا۔ بی جے پی کے منشور میں کشمیر سے متعلق نکتے کو پاکستان مسترد کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جارحیت اور نہتے شہریوں پر ظلم وستم کا عالمی برادری نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا حصہ نہیں ہوگا۔ انٹرا افغان مذاکرات کا دوسرا دور بھی ماسکو میں ہو رہا ہے۔ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔