مہنگائی ایشو پر بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم کی نذر

Last Updated On 11 April,2019 09:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا جانے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم کی نذر ہو گیا۔ اجلاس چند گھنٹے بعد ہی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ اپوزیشن کا مہنگائی پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا خواب بکھر کر رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی عدم دلچسپی کے باعث چند گھنٹے بعد ہی اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ حکومت کو کورم پر ٹف ٹائم دینے والی اپوزیشن خود اپنے طلب کردہ اجلاس میں کورم نہ پورا نہ کر سکی۔

قبل ازیں اجلاس میں مہنگائی پر ابتدائی بحث ہوئی تو وزیر صنعت میاں اسلم اقبال سابق حکومت پر برس پڑے۔ لیگی رہنما اویس لغاری نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت پر سولات کھڑے کئے اور اسے صوبائی امور میں مداخلت قرار دیا۔

اجلاس میں ایک موقع پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نوک جھونک بھی عروج پر رہی۔ بحث اور شور شرابے کے دوران حکومتی رکن نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ اپوزیشن کے طلب کردہ اجلاس میں کورم پورا کرنا مسلم لیگ ن کی ذمہ داری تھی جس میں وہ ناکام رہی۔