کل شام تک ڈیڈ لائن، مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج ہو گا: والد نشوا

Last Updated On 26 April,2019 02:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکٹر کے غلط انجکشن کے سبب موت کا شکار ہونے والی ننھی نشوا کے والد کا کہنا ہے کہ کل شام تک کی ڈیڈ لائن ہے، اگر مطالبات پورے نہیں ہوئے تو اتوار کو احتجاج کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لوگ ان سے اظہار یک جہتی کیلئے آئے اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

نشوا کے والد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ سیاست کا نہیں، مل بیٹھنے کاوقت ہے، کسی سیاسی جماعت کا دباؤ نہیں۔ احتجاج کی جگہ کا ابھی تعین کرنا باقی ہے لیکن ڈیڈ لائن کل شام تک ہے، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج ہو گا، انھوں نے اپیل کی کہ جس ہسپتال میں نشوا کو غلط انجکشن لگایا گیا وہاں کے جتنے بھی متاثرہ خاندان ہیں وہ کل تک اپنی درخواستیں بھیج دیں تا کہ جامع ایکشن لیا جا سکے۔

دریں اثنا ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ نشوا کے معاملے میں غفلت برتنے والوں کوسخت سے سخت سزا ملنی چاہیے مگر ہسپتال بند نہیں ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نشوامعصوم پھول تھی، اس کیس میں قانون اپنا کام کر رہا ہے۔