لاہور: (دنیا نیوز) کراچی میں سورج کا پارہ ہائی، صبح ہوتے ہی تیور بگڑ گئے۔ سمندری ہواؤں کی رفتار بھی کم ہو گئی، آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 تک جانے کا امکان ہے، ہیٹ کا بھی خدشہ ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
سخت گرمی، جلا دینے والی دھوپ، کراچی میں سورج آگ برسانے لگا، ہیٹ ویو بھی قہر برسانے کی منتظر ہے۔ شہر قائد میں سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے تین مئی تک شہر میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے جس کے اثرت صبح ہوتے ہی سامنے آنے لگے۔ آج پارہ 39 سے 42 ڈگری تک جانے امکان ہے۔ تین دن تک شہر میں سورج آگ برسائے گا۔چلچلاتی دھوپ اور گرمی نے شہریوں کو بے حال کر دیا۔
سندھ حکومت، شہری حکومت اور سندھ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ہیٹ سٹروک کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں ٹھنڈا پانی، مشروب، ضروری ادویات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ مختلف جگہوں پر واٹرکولرز بھی رکھے گئے ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے وہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، سایہ دار جگہوں پر بیٹھیں اور دھوپ سے ہرممکن بچنے کی کوشش کریں۔