اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملزم نہیں بلکہ مجرم ہیں جنھیں ملک کی سب سے بڑی عدالت نے سزا دی لیکن انھیں شاہانہ انداز میں پروموٹ کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدی کا ضابطہ اخلاق طے شدہ ہے لیکن انوکھا لاڈلہ قیدی رولزکی دھجیاں بکھیر رہا ہے، ایسی چیزیں لمحہ فکریہ ہیں، مجرموں کی تشہیر نہیں ہونی چاہیے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج سزا یافتہ مجرم سج دھج کر جیل واپس جا رہا ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں مجرم کو شاہانہ انداز سے رخصت نہیں کیا جاتا۔ مسلم لیگ ن انہیں ایسے پروموٹ کر رہی ہے جیسے کرپشن کا ورلڈ کپ جیت کر آئے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سب سے بڑی عدالت نے سزا دی، مجرم کا استقبال کرنے کے بجائے انہیں شرمندہ ہونا چاہیے، کرپشن ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھا کر نواز شریف کو جیل لے جانا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔