پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان ضمانت پر کوٹ لکھپت جیل سے رہا

Last Updated On 17 May,2019 09:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبدالعلیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے عبدالعلیم خان کا بھرپور استقبال کیا گیا اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے عبدالعلیم خان کے حق میں بھرپور نعرہ بازی بھی کی گئی۔


یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے عبدالعلیم خان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے انھیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نیب عبدالعلیم خان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ انویسٹمنٹ کرنے والے کسی شخص نے عبدالعلیم خان کے خلاف بطور گواہ بیان نہیں دیا۔

ضمانت کے فیصلے میں کہا گیا کہ عبدالعلیم خان کے اثاثے ان کی وزارت سے پہلے یا بعد کے ہیں۔ برطانیہ میں عبدالعلیم خان کے فلٹیس بارے ابھی تک ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے ابھی تک عبدالعلیم خان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا۔ عبدالعلیم خان نے الیکشن کمیشن میں اثاثے ظاہر کئے، اس وقت ان کے خلاف کسی نے شکایت نہیں کی۔ بغیر ٹھوس شواہد کے کسی کو بلا جواز جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔

عبدالعلیم خان کا جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آج مجھے اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ہے۔ اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آج رہائی کے موقع پر پی ٹی آئی کی قیادت نظر نہیں آ رہی، جس پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی بات نہیں، قیادت نہیں کارکنان ہی اصل طاقت ہوتے ہیں اور اصل رشتہ انھیں کیساتھ ہوتا ہے۔