لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنیوں کے کیس میں ریفرنس دائر ہونے تک عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔
نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ عبدالعلیم خان کی آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ منگوانے کے لئے متحدہ عرب امارات کو لیٹر لکھے ہیں، کمپنیون کا ریکارڈ آتے ہی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان عمرہ کی ادائیگی کے باعث عدالت پیش نہ ہوئ۔ عدالت نے ان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس دائر ہونے تک عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب تک عبدالعلیم خان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں ہوتا، تب تک انییں پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ نیب نے عبدالعلیم خان کو غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزامات پر گرفتار کیا جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے انھیں ضمانت پر رہا کر رکھا ہے۔
عبدالعلیم خان کے کیس کی سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے اردگرد کنٹیبر لگا کر راستے بند کیے گئے تھے جس سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔