پیرس: (روزنامہ دنیا) فرانس نے 400 سے زائد تاریخی نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے، ان میں مجسمے، گلدان، صراحیاں اور پیالے شامل ہیں، یہ تمام نوادرات دوسری اور تیسری صدی قبل مسیح کے ہیں۔
اس سلسلے میں پیرس کے پاکستانی سفارتخانے میں ایک تقریب ہوئی جس میں 445 نوادرات پاکستان کے حوالے کئے گئے، جن کی مالیت 157000 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
اس موقع پر پاکستانی مشن کے سربراہ محمد ماجد عزیز قاضی نے کہا یہ پاکستان کیلئے ایک خصوصی اور ہمارے لئے ایک جذباتی لمحہ ہے۔ آج پاکستان کا تاریخی ورثہ اپنے وطن میں واپس آ رہا ہے۔ ان نوادرات کو جلد از جلد اسلام آباد پہنچانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں، امید ہے یہ نوادرات جلد پاکستان کے کسی بہترین عجائب گھر کی زینت بنیں گے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق ان میں بیشتر نوادرات ستمبر 2006 میں پارسل پیکٹوں کی صورت میں فرانس پہنچے، انہیں فرانس کی آرٹ گیلری کے پتے پر بھیجا گیا تھا۔ تاہم پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے یہ پارسل قبضے میں لے لئے تھے، نیشنل سنٹر برائے سائنٹفک ریسرچ نے انہیں وادی سندھ سے چرائے گئے نوادرات قرار دیا تھا۔
دو ہفتے بعد اسی گیلری کے نام ظروف اور مٹی کے بتوں پرمبنی مزید سامان بھیجا گیا، اس بے نام گیلری کی عمارت کی تلاشی کے دوران کسٹم حکام نے سینکڑوں مزید سرامک کے ظروف قبضے میں لے لئے۔