اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی فارم بنانے کا اختیار پارلیمنٹ سے واپس مانگ لیا، فارم کو الیکشن ایکٹ سے نکال کر دوبارہ رولز میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
کاغذات نامزدگی سے ٹیکس گوشوارے، تعلیم، مقدمات، بیرون ملک دوروں سمیت دیگر تفصیلات نکالے جانے کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے فارم بنانے کا اختیار واپس کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تحریری سفارشات وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کر دیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ماضی میں کاغذات نامزدگی فارم بنانے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس رہا ہے، انتخابی اصلاحات کمیٹی نے فارم کو الیکشن ایکٹ کا حصہ بنا دیا، الیکشن کمیشن امیدواروں سے اب مکمل معلومات حاصل نہیں کرسکتا۔ کاغذات نامزدگی فارم کو الیکشن ایکٹ سے نکال کر دوبارہ رولز کا حصہ بنایا جائے تاکہ الیکشن کمیشن امیدواروں سے ضروری معلومات حاصل کر سکے۔
الیکشن ایکٹ میں درج کاغذات نامزدگی فارم سے امیدوار کے ٹیکس، مقدمات ، تعلیم اور بیرون ملک دوروں کے ریکارڈ سمیت دیگر معلومات نکال دی گئی تھیں، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم پر بیان حلفی پر امیدواروں سے مکمل معلومات حاصل کر رہا ہے۔