'مودی کی بی جے پی قتل وغارت کے نظرئیے "نازی ازم" سے متاثر ہے'

Last Updated On 16 August,2019 03:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی انتہا پسند تنظیمیں آر ایس ایس اور بی جے پی ہٹلر سے متاثر اور نازی ازم کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس کا عالمی برادری کوفوری نوٹس لینا چاہیے۔

سوشل میڈیا پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مودی کے گجرات میں کتابوں کا ہیرو ہٹلر ہے۔ انھوں نے عالمی برادری کوآنے والے ممکنہ خطرے سے پیشگی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی نام نہاد سیاسی تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سیوک سنگھ(آر ایس ایس) دراصل قتل و غارت پر مشتمل ایجنڈے نازی ازم سے متاثر اور اس نظرئیے پر عمل پیرا بھی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے بھی آج اپنے ٹویٹر پیغام میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو قتل و غارت کے نظرئیے پر عمل کرنے والا(فاسشٹ)کہتے ہوئے مخاطب کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مودی جان لے، بہتر افواج کی مدد سے کسی دوسری فوج، عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کو تو شکست دی جا سکتی ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جب کوئی قوم آزادی کے لئے متحد ہوتی ہے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا۔
 

Advertisement