اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پاک بحریہ کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری دیدی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق دشمن کی آبدوز کا سراغ لگانے والے لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی گئی، صدر نے لیفٹیننٹ کمانڈر خرم داؤد کو تمغہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دونوں افسران نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران دشمن کی جدید آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کیپٹن ایلیا حسن کو ستارہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی۔ ایلیا حسن نےاپنی آبدوزوں کی دشمن کے پانیوں میں کامیابی سے طویل مدتی کامیاب آپریشنل کیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارنامے پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہیں، پاک بحریہ کے 3 رئیر ایڈمرل کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)،14 آفیسرز کو ستارہ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاک بحریہ کے 13 آفیسرز کو تمغہ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے 2 آفیسرز کو ستارہ بسالت، 2 آفیسرز اور 6 جوانوں کو تمغہ بسالت دینے کی منظوری ملی۔