اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نئی انکوائریوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین جاوید اقبال کے زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں دس نئی انکوائریز اور 2 انوسٹی گیشنز کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سوات یونیورسٹی کے افسران اور اہلکاروں کیخلاف کیسز چیف سیکرٹری پختونخوا کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ محکمہ ریونیو چارسدہ کے افسران اور اہلکاروں کیخلاف کیسز اور ڈی ای او کوہاٹ، ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے اہلکاروں کیخلاف کیسز بھی چیف سیکرٹری کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے اربوں روپے متاثرین کو واپس کروائے، کاروباری برادری کیلئے ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی دفاتر میں خصوصی سیل قائم کیے ہیں۔