اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ نیب کا فوکس میگا کرپشن تک رہے، نجی شخصیات تک نیب کی کارروائی کا اختیار ختم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ نیب قوانین میں تبدیلی لانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کا قانون پچھلی حکومت کا ہے، پی ٹی آئی اور اتحادی یہ نہیں لائے۔
یہ بھی پڑھیں: پلی بارگین کرنیوالا دوبارہ عہدے پر بحال نہیں ہو سکے گا، نیب ترمیم کا مسودہ تیار
فروغ نسیم نے کہا کہ نیب ترامیم سے متعلق اپوزیشن سے بات ہوئی ہے، کئی پوائنٹس ایک جیسے ہیں۔ اپوزیشن سے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا، اگر اس معاملے پر اتفاق ہوگیا تو ٹھیک ورنہ آرڈینس لایا جائے گا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر قانون نے بتایا کہ نیب قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ ادارے کا فوکس میگا کرپشن تک رہے گا۔ نجی شخصیات تک کارروائی کا اختیار ختم کر دیا جائے گا۔