پشاور: (دنیا نیوز) بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے، کل تک انسداد پولیو مہم کی مخالفت کا ڈراما رچانے والے نذر محمد نے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کے ہمراہ نہ صرف خود قطرے پیے بلکہ بچوں کو بھی قطرے پلاتا رہا۔
ماشو خیل کے رہائشی نذر محمد کا ڈرامہ تو کوئی نہیں بھولا ہوگا، جب پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لئے سکول کے بچوں سے ایکٹنگ کروائی اور انھیں ہسپتال لے جا کر ڈرامہ رچایا، لوگوں کو مشتعل کیا اور سرکاری ہسپتال کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔
بچوں کی ناکام اداکاری، کمزور سکرپٹ اور غیر معیاری ہدایت کاری کی وجہ سے سارا ڈرامہ ناکام ہو گیا اور نذر محمد پکڑا گیا۔ آج وہی نذر محمد خیبر پختونخوا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم میں سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کے ہمراہ نہ صرف خود قطرے پیے بلکہ بچوں کو بھی قطرے پلاتا رہا۔