حکومت نے ملکی معیشت کو ریڈ زون میں داخل کر دیا، احسن اقبال

Last Updated On 02 September,2019 08:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی معیشت کو ایک سال میں ریڈ زون میں داخل کر دیا ہے۔ حکمرانوں کی پالیسیاں ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکی ہیں۔

مریم اورنگزیب اور محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیر پر غیر آئینی اقدام کو اٹھائے ہوئے 29 روز گزر گئے ہیں لیکن ہم ابھی تک سلیکٹڈ حکومت کے ٹھوس اقدام کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم بیرون ملک دورے کر رہے ہیں اور ہمارے وزیراعظم پاکستان میں بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کشمیر کے معاملے پر سرگرم نظر نہیں آ رہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے دوست ممالک کا دورہ کیا نہ اسلامی سربراہی کانفرنس بلانے کیلئے قائل کیا۔ پاکستان کی خواہش کے بغیر کوئی دوست ملک ہماری مدد کیسے کرے گا۔ وزیراعظم اسلام آباد سے چپک کر کیوں بیٹھے ہیں؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔ ایسا نہ ہو کہ وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان راتوں رات بھاگ جائیں۔