جامشورو: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کشمیر کاز پر کوئی پاکستانی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا، بھٹو شہید نے کہا تھا نیند میں بھی کشمیر پر غلطی نہیں کرسکتا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت غیر جمہوری رویہ اپنا رہی ہے، پاکستان ایک خاندان کی طرح ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمروں کا مقابلہ کیا، مسئلہ کشمیر پر سلیکٹڈ نمائندے غلطی پر غلطی کر رہے ہیں، سلیکٹڈ حکومت میں یہ اہلیت نہیں کہ وہ ملکی معیشت سنبھال سکے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا بھارت نے پورے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا، یہ تاریخی حملہ ہے، ہماری حکومت ہوتی تو وزیراعظم پورے ملک کا وزیراعظم ہوتا، ہمارا وزیراعظم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچاتا، وزیراعظم ہر اعلان پر یوٹرن لے لیتے ہیں، کلین کراچی مہم میں کچرا ایک جگہ سے اٹھا کر دوسری جگہ رکھ دیا گیا، ہمارے صوبے اور عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔