کاروباری طبقے کے تحفظات، وفاقی کابینہ کی نیب کو خصوصی کمیٹی بنانے کی سفارشات

Last Updated On 14 October,2019 10:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی کاروائیوں کے خلاف کاروباری طبقے کے تحفظات پر وفاقی کابینہ نے خصوصی کمیٹی بنانے کی سفارشات کر دی۔ نیب کسی بھی کارروائی سے پہلے خصوصی کمیٹی کو اعتماد میں لے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں نیب سے متعلق تاجروں کے تحفظات پر کمیٹی بنانے کی سفارش جبکہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی اور رئیل سٹیٹ اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جبکہ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر بریفنگ دی گئی۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کے زیر صدارت اہم اجلاس جمعے کو ہوگا۔

کابینہ نے ڈاکٹر عصمت طاہرہ کو ایم ڈی نیشنل فرٹیلائیز، مسعود نقوی کو ممبر ایس ای سی پی پالیسی بورڈ مقرر کرنے جبکہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ایکٹ 2018ء کے بورڈ ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔