اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائیگا۔
وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کو چیئرپرسن فیڈرل لینڈ کمیشن نامزد کرنے کی منظوری دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی تعلیمی اداروں میں ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
ریلوے بورڈ میں پرائیویٹ ممبران کی تعیناتی، پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی اور رئیل اسٹیٹ ریگولیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ آرڈیننس 2019، پہلے اسلامی کلینڈر کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
کشمیر پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو کابینہ اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی۔