مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ موخر کرنے کی خبروں کی تردید کردی

Last Updated On 31 October,2019 06:05 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کو موخر کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قافلے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ احتجاجی مارچ میں جلسہ بھی ہے اور دھرنا بھی، کارکن اسلام آباد پہنچیں۔ تمام قافلے اپنے وقت اور ترتیب کے مطابق اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔ آزادی مارچ کے منزل پر پہنچنے کے خطابات ہوں گے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس میں جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ جلسہ ایک دن کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔ کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے راستے بند ہیں، تصادم ہو سکتا ہے۔ زیرو پوائنٹ سے ڈی چوک تک بند کیا جاتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 31 اکتوبر کا جلسہ سانحہ رحیم یار خان کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گوجر خان میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کارکنوں سے نظم وضبط برقرار رکھنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مارچ اسی طرح پرامن طریقے سے اسلام آباد کی جانب بڑھے گا۔ جمہوری قوتیں اپنا پیغام حکمرانوں اور اس کے ساتھ پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔