اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزادی مارچ کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف مقامات پر انٹرنیٹ سروس غیر اعلانیہ طور پر معطل کر دی گئی۔ اسلام آباد انتظامیہ اور وزیر داخلہ نے بھی لاعلمی کا اظہار کردیا۔
راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف مقامات سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ موبائل نیٹ اور وائرلیس موبائل نیٹ نہیں چل رہا جبکہ موبائل سروس کھلی ہے۔
جب اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نیٹ تو چل رہا ہے البتہ پشاور موڑ جہاں آزادی مارچ کے شرکا کا جلسہ ہونا ہے، اس مقام پر نیٹ نہیں چل رہا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے پی آئی ڈی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا گیا کہ موبائل نیٹ نہیں چل رہا ہے جس پر ان کا جواب تھا کہ موبائل نیٹ کہیں بھی بند نہیں ہے۔