اسلام آباد: (دنیا نیوز) بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت نے یادگاری ٹکٹ کا اجرا کر دیا، کرتا رپور کمپلیکس میں ڈاکخانہ سے سکھ یاتری یادگاری ڈاک ٹکٹ خرید سکیں گے۔
بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کیا گیا، حکومت کی جانب سے ننکانہ صاحب میں ڈاکخانہ بھی کھولا جائے گا، کرتارپور کمپلیکس میں ڈاکخانہ سے سکھ یاتری یادگاری ڈاک ٹکٹ خرید سکیں گے۔ یادگاری ٹکٹ کرتار پور راہداری کھولنے کے دن فروخت کیلئے دستیاب ہوں گے۔
یہ یادگاری ٹکٹ ملک بھر کے تمام ڈاکخانوں میں بھی فروخت کے لئے دستیاب ہوں گے، ٹکٹس کا اجرا وفاقی مواصلات و ڈاکخانہ جات مراد سعید نے کیا، بیرون ملک مقیم خواہشمند افراد یہ یادگاری ٹکٹ کراچی فلیٹلی بیورو اور اسلام آباد جی پی او سے حاصل کر سکتے ہیں۔
ٹکٹوں کو یونیورسل پوسٹل یونین کے 192 رکن ممالک میں فراہم کیا جائے گا، ایسے ممالک جہاں سکھ بستے ہیں وہاں پاکستانی سفارتخانوں کے تعاون سے ان ٹکٹوں کی فروخت کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔