آصف زرداری کیلئے نجی ڈاکٹرز کی اجازت نہیں دی جا رہی، بلاول بھٹو

Last Updated On 08 November,2019 06:47 pm

مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے نجی ڈاکٹرز کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

مظفر گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک سال میں معیشت تباہ کر دی۔ معیشت کے لئے 6 مہینے مانگے ہم نے وہ بھی دیے۔ میں نے اسمبلی میں کہا تھا کہ عمران خان اگر اپنے وعدوں پر پورا اتریں گے تو ہم ساتھ دیں گے۔ میں چاہتا تھا جمہوری تسلسل برقرار رہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ نااہل اور سلیکٹڈ کا ٹولہ ہے۔ یہ حکومت عوام کے ہر طبقے پر ظلم کر رہی ہے۔ ہم ان کا ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں۔ اس الیکشن کو کسی بھی پارٹی نے قبول نہیں کیا۔ وہ دن دور نہیں ان سے ہم پورا پاکستان لیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ پچھلے دس سال کا رونا رو رہے ہیں۔ آؤ حساب کتاب کرتے ہیں۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا۔ اس حکومت کے دور میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی بڑھی ہے۔ دس سال پہلے ڈالر اور سونے کی قیمت کیا تھی اور آج کیا ہے؟ تیل گیس اور بجلی کی قیمتوں کا بوجھ غریبوں پر نہیں آنے دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے 18ویں آئینی ترمیم میں صوبوں کو خود مختاری دی، ملازمین کو مستقل کیا گیا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ جبکہ غریبوں کی امداد کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی الیکشن کمپین چلانی میں مشکلات تھیں اور دوسری طرف کٹھ پتلی کو میدان صاف دیا گیا۔ میں نے اپنی الیکشن کمپین میں کہا تھا ایک کٹھ پتلی کو اس ملک پر مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 

Advertisement