وفاقی کابینہ کی اکثریت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی حامی، ذرائع

Last Updated On 12 November,2019 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی حمایت کی۔

ذرائع کے مطابق فواد چودھری، علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا، غلام سرور خان، شیریں مزاری اور علی زیدی نے نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت کی اور کہا کہ انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا اور اب باہر جا رہے ہیں۔ مجرم کا ایسے باہر جانا تحریک انصاف کے نظریہ کی مخالفت ہے۔ ماضی میں بھی یہ لوگ حکومتیں کرکے باہر جاتے رہے ہیں۔

اراکین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اجازت دینے سے تحریک انصاف اور باقی حکومتوں میں کیا فرق رہے گا۔ عوام میں منفی تاثر جائے گا کہ حکومت نے کسی دباؤ میں ان کا نام ای سی ایل سے نکالا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف کو ان کی مرضی کا علاج کرانے دینا چاہیے۔ یہ بات یقینی بنائیں گے کہ نواز شریف علاج کے بعد واپس آئیں۔ ذیلی کمیٹی ای سی ایل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ ذیلی کمیٹی نواز شریف کی فیملی سے مکمل ضمانت لے گی۔