اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے دوران معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، گزشتہ کورکمیٹی اجلاس میں بنائی گئی کمیٹیاں ابتدائی رپورٹ پیش کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم کورکمیٹی کو پارٹی فنڈنگ کیس پر اعتماد میں لے گی، پی ٹی آئی منشور پر عمل درآمد سے متعلق حکمت عملی طے ہو گی جبکہ اجلاس کے دوران اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم نے حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس بھی پیر کو طلب کر لیا ہے، یہ اجلاس وزیراعظم آفس میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اپوزیشن کے پروپیگنڈہ سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ترجمانون کے اجلاس میں حکومتی کارکردگی کی موثر آگاہی سے متعلق حکمت عملی طے ہو گی، وزیر اعظم ترجمانوں کو پارٹی بیانیہ سے آگاہ کریں گے۔