اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا گیا جس میں سیاسی اورمعاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس بھی پیر کو طلب کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ اجلاس میں بنائی گئی کمیٹیاں ابتدائی رپورٹ پیش کریں گی، قانونی ٹیم کور کمیٹی کو پارٹی فنڈنگ کیس پر اعتماد میں لے گی جبکہ پارٹی کے منشور پرعملدرآمد سے متعلق حکمت عملی بھی طے ہو گی۔
کور کمیٹی کو ملک میں جاری سیاسی صورتحال خصوصا اپوزیشن جماعتوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ اس سے متعلق حکومت کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی، اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔