قلعہ عبداللہ: (دنیا نیوز) قلعہ عبداللہ کے نواحی علاقے میں قائم ماچکہ ڈیم پانی کی سطح بلند ہونے اور تعمیر میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے باعث ٹوٹا۔ ماچکہ ڈیم میں گزشتہ روز بارش کے بعد سے پانی جمع تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ ڈیم ٹھیکدار اور محکمہ کی جانب سے گزشتہ سال بنایا گیا تھا۔ ڈیم کی ناقص تعمیر کے باوجود اس سے کلیئر کیا گیا تھا۔ ڈیم ٹوٹنے سے پہلے محکمہ کے آفیسرز بھی سائیڈ وزٹ پر تھے کہ ڈیم ٹوٹ گیا تاہم وہ خوش قسمتی سے بچ گئے۔
قلعہ عبداللہ میں ڈیم ٹوٹنے سے پانی قریبی آبادی میں داخل ہونے کی باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ برساتی نالے میں کار بہہ گئی جس میں سوار پانچ افراد کو مقامی لوگوں نے بچا لیا۔
دوسری جانب تاحال پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کئے۔ شہریوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر ڈیم میں شگاف کو پر کرنے اور قریبی آبادی کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔