پاک فضائیہ کے شہید کا جسد خاکی سپرد خاک، چاق وچوبند دستے نے سلامی دی

Last Updated On 08 January,2020 06:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے شہید فلائنگ آفیسرعباد الرحمان کی نماز جنازہ این ایف سی قبرستان واپڈا ٹاؤن میں ادا کر دی گئی۔ شہید کے جسد خاکی کو پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔

شہید کے لواحقین اور پاکستان ائیر فورس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہید کے اہلخانہ کہتے ہیں کہ ہمارے بیٹے نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ عباد الرحمان بہت بڑے محب وطن تھے اور انھوں نے اپنی جان بھی وطن کی راہ میں قربان کردی ہے۔

عباد الرحمان نے یو ای ٹی سے مکینیکل انجینئرنگ کے بعد 9 ماہ قبل پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ شہید کے گھر تعزیت کیلئے عزیز واقارب کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

یار رہے کہ گزشتہ روز تربیت کے دوران طیارے کو حادثہ پیش آیا جس میں عبادالرحمان نے جام شہادت نوش کیا۔ انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔