نسوار کو پاکستانی برانڈ قرار دیا جائے، قائمہ کمیٹی برائے تجارت

Last Updated On 24 January,2020 07:43 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) اراکین سینیٹ نے نسوار اور خٹک ڈانس کو بھی پاکستانی برانڈز میں شامل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

تفصیل کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو وزارت تجارت کے حکام نے آگاہ کیا ہے کہ ملتانی سوہن حلوہ، پشاوری چپل اور باسمتی چاول کے برانڈز کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے جغرافیائی قانون تیار کر لیا گیا ہے جبکہ اراکین سینیٹ نے نسوار اور خٹک ڈانس کو بھی پاکستانی برانڈز میں شامل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی صدارت میں ہوا۔ چیئرمین (آئی پی او) مجیب احمد خان نے بتایا جغرافیائی قانون میں 80 قومی اور علاقائی سروسز اور مصنوعات کی فہرست طے کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے خٹک ڈانس کو بھی رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا خیبر پختونخوا کے علاقائی ڈانس ‘اتن’ اور نسوار کو بھی لسٹ میں شامل کیا جائے۔

نسوار کو فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پر کمیٹی کے اراکین نے قہقہے لگائے۔ چیئرمین آئی پی او نے مزید بتایا کہ جغرافیائی قانون کا مسودہ 23 جنوری 2018ء کو سی سی ایل سی نے منظور کیا تھا۔ وفاقی کابینہ نے 20 اگست 2019ء کو اس مسودے کی منظوری دی۔