مال روڈ پر منظم ٹریفک کیلئے سپیشل سکواڈز تعینات کر دیا گیا

Last Updated On 03 February,2020 09:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹریفک وارڈنز نے ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے لاہور کی مصروف شاہراہ مال روڈ پر مہم شروع کر دی ہے۔ خلاف ورزی پر 10 فروری سے چالان کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پہلے وارڈنز کی جانب سے ٹریفک قوانین پر آگاہی دی جائے گی، پھر خلاف ورزی پر چالان ہوں گے۔ مال روڈ پر منظم ٹریفک کیلئے سپیشل سکواڈز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں 50 وارڈنز پر مشتمل 25 موٹر سائیکلسٹ کا دستہ تیار کیا گیا ہے۔ سپیشل سکواڈز لین لائن، سٹاپ لائن اور ون وے کی خلاف ورزی سے متعلق شہریوں کو آگاہی دیں گے۔

آگاہی مہم ایک ہفتہ تک جاری رہے گی۔ 10 فروری سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آگاہی مہم کے دوران شہریوں میں پمفلٹس اور بروشرز تقسیم کیے گئے۔ مال روڈ پر مختلف چوراہوں پر ٹریفک آگاہی کیمپ لگائے گئے ہیں۔

اس موقع پر ٹریفک وارڈنز نے کہا کہ سپیشل سکواڈز نے کام شروع کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر لین لائن مہم کو مال روڈ سے شروع کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں اس کا دائرہ کار مزید شاہراہوں تک پھیلایا جائے گا۔ حادثات سے محفوظ رہنے اور منظم ٹریفک کے لیے لین لائن، سٹاپ لائن اور ون وے کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔