اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کو تبدیل کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انھیں کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے سب پر واضح کیا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر سٹیٹ بینک تبدیل نہیں ہو رہے، وہ بہترین کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے تمام شرکا پر واضح کیا کہ مشیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک کے حوالے سے کوئی تبدیلی زیر غور نہیں ہے۔ مہنگائی کے خلاف حکمت عملی تیار کرتے ہوئے انھیں اہم اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کا کہہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ترجمانوں کو بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر شدید بیمار ہیں۔ شبر زیدی میری درخواست پر صرف چھ ماہ کیلئے آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔ وزیراعظم نے پارٹی کو منظم اور متحد رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کا حالیہ آٹا بحران میں کوئی کردار نہیں ہے۔