لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اجلاس میں کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نےاجلاس کو بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے لئے انتظامی لحاظ سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس حوالے سے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی اس ضمن میں جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں کیڈٹ کالج کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لیں گے جبکہ پولیس کو نئی گاڑیوں کی خریداری کے لئے فنڈز مہیا کریں گے۔ خانیوال میں سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کے لئے ضروری امور جلد طے کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے کاٹن سیڈ کے حوالے سے 7 روز کے اندر حتمی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ کاٹن سیڈ کی بہترین کوالٹی فصل کی پیداوار میں اضافے کا باعث بنے گی۔