کراچی: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت تباہ کر دی۔ تاجر اپنا سرمایہ ملک سے نکال کر بیرون ملک لے جا رہے ہیں۔ تجاوزات کے نام پر غریبوں کو بے گھر کیا گیا۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے بیس پچیس لاکھ افراد بے روزگار کر دیے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کراچی میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی جانتا ہے کہ کس طرح ہماری پیداوار تباہ ہو رہی ہے۔ سرمایہ دار اپنا پیسہ نکال کر لے جا رہے ہیں۔ آج کراچی میں تجاوزات کے نام پر لوگوں کے املاک کو تباہ کرکے ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نااہل حکمرانوں نے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ اگر وعدے پورے نہیں کر سکتے تھے تو کس بنیاد پر نوکریاں دینے کے وعدے کئے۔ لوگوں کے منہ سے نوالے چھین کر لوگوں کو بیروزگار کیا جا رہا ہے۔
ہم ان نااہل حکمرانوں کے خلاف ملکی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انشاء اللہ لاہور میں 19 مارچ کو جلسہ کرکے بتائیں گے کہ یہ حکمران ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔