اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آٹا بحران کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار محمد طاہر کی جانب سے طارق اسد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ طلب سے کم آٹا موجود ہونے کے باوجود ذاتی مفاد کے لئے گندم برآمد کی گئی، قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر ذاتی فائدہ پہنچانے والوں کا تعین کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئین پاکستان بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، آٹا بحران کی شفاف انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ابھی فریقین کو سن لیتے ہیں کہ ان کا کیا کہنا ہے، عدالت نے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔
واضح رہے درخواست میں وزیراعظم عمران خان، جہانگیر ترین، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر خوراک خسرو بختیار، ایف آئی اے اور فلور ملزایسوسی ایشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔