پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا طالبان معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں، اس معاہدے کو ہم نے امن کیلئے مثبت قرار دیا ہے۔
پشاور کے جے یو آئی سیکرٹریٹ میں قبائل کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلامی، علاقائی اور قومی مسائل کے حل کیلئے تحریک جاری رہے گی۔ قبائل ایک مظلوم قوم ہے، اس کے سیاسی مستقبل کے فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں اور قوتوں نے انضمام میں قبائلیوں کی رائے نہیں لینے دی۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر 57 نکاتی قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کا کوٹہ دگنا کرکے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کی جائے۔ وفاق المدارس کی اسناد کی حیثیت کو بحال کیا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کیلئے قبائلی اضلاع میں 3 ہسپتال قائم کئے جائیں۔ سی پیک میں قبائلی اضلاع کو اپنا حصہ دیا جائے۔ باجوڑ تا جنوبی وزیرستان مجوزہ موٹروے کے لئے فنڈ مختص کیا جائے اور تمام لاپتا افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔