کرونا کے خطرات: شہباز شریف کا ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ

Last Updated On 12 March,2020 06:03 pm

لندن: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کی جانب سے کرونا کو عالمی وبا قرار دینے کے بعد حکومت سنجیدگی دکھائے۔ اقدامات، انتظامات، احتیاط اور آگہی پر مبنی قومی حکمت عملی بنائی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کے تحفظات اور تشویش پر فوری اقدامات کئے جائیں۔ مراد علی شاہ کی کوششوں کے باوجود وزیراعظم کا اب تک ان سے رابطہ نہ کرنا قابل مذمت اور مجرمانہ لاپرواہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ذاتی سیاسی انتقام کو صحت عامہ کے ہنگامی اور حساس امور میں لانا وزیراعظم کے منصب اور فرض کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان نے اب تک کرونا کی عالمی وبا پر ایک اجلاس تک بلانے کی زحمت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور ملکی داخلی راستوں پر وفاق کا کنٹرول ہے۔ سکریننگ ٹھیک ہوتی تو بعد میں مریض سامنے نہ آتے۔ پوری دنیا کے سربراہان اور وزرائے اعظم اعلیٰ ترین سطح پر معاملے کو نمٹنے کے لئے متحرک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی زندگی کا مسئلہ ہے۔ اس پر معیشت، آٹا چینی، بجلی گیس والا مجرمانہ رویہ رہا تو سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ ضروری فیصلے کرنے میں مجرمانہ غفلت اور تاخیر کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں۔